خوشخبری
پرتگال میں رہنے والے پرانے تارکین وطن بڑی اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ جب ہمیں پرتگیزی زبان سے بالکل ناواقفیت تھی تو ہم سب کیلئے ”دی پرتگال نیوز” ہی وہ پہلا اخباری سہارا تھا جس کی وجہ سے ہمیں پرتگال کے روزمرہ کے سیاسی و سماجی حالات کے ساتھ ساتھ امیگریشن کی بھی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔
میں “دی پرتگال نیوز” کے مالک رچرڈ کلِنگن اور انکی پوری ٹیم کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے میری طرف سے کی گئی درخواست کے عین مطابق اپنے انگریزی اخبار کو اب اردو ٹرانسلیشن کی سہولت بھی فراہم کر دی ہے جس سے میرے اس خواب کی تکمیل ممکن ہوئی کہ یہاں پر نئے آنے والے تمام تارکین وطن جو پرتگیزی یا انگریزی زبان کا بالکل بھی ادراک نہیں رکھتے اور صرف اردو زبان سمجھ سکتے ہیں، ان سب کو بھی اردو زبان کی وجہ سے پرتگال کے متعلق ہر قسم کی آگاہی و معلومات وغیرہ بغیر کسی دشواری کے مل سکے۔
دیار غیر میں رہنے والا ہر انسان اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے اور میں آپ سب اردو سمجھنے والوں سے بھی یہی امید کرتا ہوں کہ آپ پرتگال کی تعمیر و ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کر کے نا صرف اپنا بلکہ اپنے ملک کا نام بھی روشن کریں گے۔ میں بھی آپ سب کی طرح دیار غیر میں بسنے والا ایک تارک وطن شہری ہوں اور اس لئیے نئے آنیوالے تارکین وطن کو جو بھی درپیش مسائل ہیں ان سے انتہائی باخوبی واقف ہوں۔
میں آپ سب کو یقین دہانی کرواتا ہوں کہ یہاں پر آنیوالے تمام نئے یا پرانے تارکین وطن کو پرتگال میں خصوصاً امیگریشن سمیت جو بھی درپیش مسائل ہیں، ان تمام مسائل کو اب انشااللہ تعالی “دی پرتگال نیوز” کے تعاون سے بھرپور اور بہترین طریقے سے اجاگر کیا جائے گا اور پرتگال کے اقتدار کے اعلی ایوانوں میں بیٹھے افسران تک آپ کی آواز کو یقیناً اور ہرممکن پہنچایا جائیگا۔
نیک تمنائیں
عدیل احسان